اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ہائر ایجوکیشن کمیشن)کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا ہے کہ ایچ ای سی پاک سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے ذریعے سری لنکا کے ساتھ تعلیمی روابط مستحکم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ریٹائرڈ)شاہد حشمت سے ملاقات کے دوران کیا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ پاک سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ یہ پروگرام دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط کرنے اور عوامی رابطے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ڈاکٹر بنوری نے کہا کہ ایچ ای سی بین الاقوامی تعاون کو خاص اہمیت دیتا ہے اور پاک سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام ایچ ای سی کے فروغِ تعلیم کے عزم کی ایک مثال ہے۔ اس پروگرام کے تحت ایچ ای سی سری لنکا طلباء اور فیکلٹی کو تعلیمی معاونت فراہم کرے گا ۔ اس منصوبے کے تحت سری لنکن طلباء کو ایک ہزار وظائف فراہم کئے جائیں گے جبکہ اس پروگرام میں فیکلٹی ایکسچینج، سری لنکن سول سرونٹس کی تربیت ، سری لنکا میں اعلیٰ تعلیمی نمائش کا انعقاد، اور یونیورسٹی آف کولمبو میں لیگویج ڈیپارٹمنٹ کاقیام بھی شامل ہیں۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ منصوبے پر خزاں 2019سے عملدرآمد شروع کیا جائے گا اور طلبا ء و فیکلٹی اراکین کے انتخاب کے لئے ایک شفاف نظام ترتیب دیا جائے گا۔ ملاقات میں ایچ ای سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد علی، ایچ ای سی ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ ڈوژن کے ایڈوائزر وسیم ایس ہاشمی، ڈائریکٹر جنرل پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈاکٹر مظہر سعید، اور پراجیکٹ مینجر پاک۔ سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام ڈاکٹر ارشد بشیر بھی موجود تھے۔