ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے 43جامعات کو سمارٹ یونیورسٹیوں میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ 19یونیورسٹیوں میں سیف یونیورسٹی منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق ملک بھر کی جامعات میں طلباء کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کے دور میں سمارٹ یونیورسٹیز اور سیف یونیورسٹی کے دو الگ الگ منصوبے شروع کیے گئے تھے ،سمارٹ یونیورسٹیز منصوبے کے تحت جامعات کو وائی فائی کا نظام فراہم کیا گیا ہے جس تک ہر طالبعلم کو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہو گی ،طلباء و طالبات انٹر نیٹ کی چوبیس گھنٹے سروس کے ذریعے نہ صرف آن لائن ریسرچ کر سکیں گے بلکہ یونیورسٹی کی لائبرریوں کی آن لائب کتب کو بھی اپنی تحقیق کے لیے استعمال کر سکیں گے ،اس سے طلباء کو ریسرچ میں آسانی ہو گی،یہ منصوبہ43 یونیورسٹیوں میں مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر یونیورسٹیوں میں جاری ہے، اسی طرح سے سیف یونیورسٹی کے منصوبے کے تحت یونیورسٹیوں میں سیکیورٹی کیمرے لگانا تھا تاکہ یونیورسٹیوں کو دہشتگردانہ حملوں سے محفوظ بنایا جا سکے اور نئی نسل کی حفاظت کو ممکن بنایا جائے،ان دنوں ملک میں کئی یونیورسٹیوں کو دہشتگردوں نے حملوں کا نشانہ بنایا تھا جس میں کئی طلباء شہید ہو گئے تھے ۔