111 510 510 libonline@riphah.edu.pk Contact

چربہ سازی ثابت‘ ڈاکٹر ارشد ای ڈی کے عہدے سے مستعفی

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد نے اپنی برطرفی کے خوف سے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، ایچ ای سی کے کمیشن نے ان کے ریسرچ پیپر میں چربہ سازی ثابت ہو نے پر ڈاکٹر ارشد کو برطرف کر نے کی سفارش کی تھی، چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری چربہ سازی کے ہائی پروفائل کیسز کے حوالے سے آج اہم پریس کانفرنس کریں گے، ایچ ای سی کمیشن کے ایک ممبر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایچ ای سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشداپنی برطرفی کے خوف ای ڈی کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ استعفیٰ نہ دیتے تو ان کو برطرف کر دیا جا تا استعفیٰ دے کر انہوں نے اپنا کیریئر بچانے کی کو شش کی ہے، دوسری جانب ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ اگر چئیرمین ایچ ای سی ڈاکٹر ارشد کا استعفیٰ منظور کر لیتے ہیں تو یہ ان کو محفوظ راستہ دینے کے مترادف ہو گا کیونکہ انہوں نے چربہ سازی کے ذریعے اپنی ڈگری مکمل کی اور اس ڈگری کے بل بوتے پر وہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو ریگولرائز کرنے والے ادارے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات رہے۔ اس طرح ان کے ریسرچ پیپر میں چربہ سازی ثابت ہونے کے بعد نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بنے اس لیے انہیں اپنے کیے کی سزا ملنی چاہیئے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اٹھارہ رکنی کمیشن کا اجلاس پونے تین سال سے ممبران کا کورم مکمل نہ ہونے کی وجہ سے التوا کا شکار تھا ،جس کی وجہ ڈاکٹر ارشد سمیت چربہ سازی کے کئی ہائی پروفائل کیسز بھی کی حتمی رپورٹس مکمل ہونے کے باوجود ان پر عملدرآمد رکا ہوا تھا۔

Title : چربہ سازی ثابت‘ ڈاکٹر ارشد ای ڈی کے عہدے سے مستعفی
Author : روزنامہ نوائے وقت
Type : News
Role Performer : Corporate author
Subject : HEC
Publisher : روزنامہ نوائے وقت
Publication Place : Islamabad
Date : 2018-10-22
Language : Urdu