111 510 510 libonline@riphah.edu.pk Contact

پی ایم ڈی سی میں سنگین بےقاعدگیوں کا انکشاف

 پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل / پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے ایک برس کے مختصر عرصے میں تین نئے پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کو رجسٹریشن دینے اور چھ پرائیویٹ میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس کی نشستیں بڑھانے کے معاملے میں سنگین بےقاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے جب کہ پشاور کے ایک ایسے بند نجی میڈیکل کالج کو بھی کھول دیا گیا جس کے طلبہ دوسرے کالجوں میں داخلہ لے چکے تھے، اور یہ سب ایسے وقت ہوا جب پی ایم سی تبدیل ہوکے دوبارہ پی ایم ڈی سی بن رہا تھا۔ پی ایم سی یا پی ایم ڈی سی کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ صرف نجی شعبے کو فائدہ پہنچایا گیا اور سرکاری شعبے میں نہ تو نیا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کھولا گیا نہ ہی نشستیں بڑھائی گئیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت صحت کے حکام اور اس وقت کے پی ایم سی کے صدر کے درمیان اختلافات بھی انھی معاملات کی وجہ سے ہوئے تھے اور صدر نوشاد شیخ اس طرح کے خلاف ضابطہ اقدامات کے حق میں نہیں تھے چناچہ وہ پی ایم سی کی صدارت سے مستعفی ہوگئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ جن تین نئے میڈیکل کالجوں کی منظوری دی گئی ان میں آر ایل کے یو میڈیکل کالج لاہور 100 نشستیں ، ڈینٹل کالج نیازی میڈیکل کالج سرگودھا کو 50 نشستیں، اور اختر سعید میڈیکل کالج راولپنڈی کو 100 نشستوں کی اجازت دی گئ۔ جب کہ جن میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی نشستیں بڑھائی گئیں ان میں شاہدہ اسلام میڈیکل کالج لودھراں کی نشستیں 150, شاہدہ اسلام ڈینٹل کالج لودھرا ں کی 75, مارگلہ کالج آف ڈینٹسری کی 75, بختاور امین میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملتان کی نشستیں 150, لیاقت کالج آف میڈیکل اینڈ ڈینٹسری کراچی کی 150, اور کالج آف ڈینٹسری بختاور امین میڈیکل کالج ملتان کی نشستیں 75 کردی گئیں۔ اسی طرح محمد میڈیکل کالج پشاور جہاں داخلے بند تھے اور زیر تعلیم طلبہ کو دوسرے میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا تھا اسے بھی خاموشی سے دوبارہ داخلوں کی اجازت دیدی گئی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے بھی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ذرائع نے مذید بتایا کہ پہلے آن لائن انسپیکشن کی جاتی تھی تاہم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں کو سہولت دینے کے لیے دستیرجسٹریشن کی گئی ۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ترجمان حنا شوکت نے ان مبینہ سنگین بے قاعدگیوں کے بارے میں موقف دیتے ہوئے کہا کہ محمد کالج آف میڈیسن پشاور کو پی ایم سی کونسل کی جانب سے بند کیا گیا تھا اور بعد از پی ایم سی ہی کی جانب سے دوبارہ کھول دیا گیا۔ مزید براں پی ایم سی کے ہی دور میں نئے پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کی رجسٹریشن کی گئی اور میڈیکل کالجوں کی نشستیں بڑھائی گئیں۔ جبکہ پی ایم ڈی سی 16 جنوری 2023 کو ایکٹ کے تحت قائم ہوئی اور تاحال پی ایم ڈی سی کی جانب سے اب تک نہ ہی کوئی میڈیکل و ڈینٹل کالج کی رجسٹریشن کی گئی اور نہ ہی سیٹیں بڑھائی گئیں۔ ترجمان نے کہا کہ پی ایم ڈی سی اکیڈمک بورڈ کی تشکیل کے بعد ہی تمام تر ضروری امور زیر غور لائے جائینگے۔

Title : پی ایم ڈی سی میں سنگین بےقاعدگیوں کا انکشاف
Author : Daily Jang
Type : News
Role Performer : Corporate Author
Subject : Serious Irregularities in PMDC
Publisher : Daily Jang
Publication Place : Rawalpindi
Date : 2023-05-22
Language : Urdu