111 510 510 libonline@riphah.edu.pk Contact

پی ایم ڈی سی بل مستردہونے پر انہی ممبران کی ایڈوائزی کمیٹی قائم

صدارتی آرڈننس کے ذریعے قائم کی گئی کونسل کو سینٹ نے اکثریت سے مسترد کر دیا تھا
ڈاکٹر عامر زمان کو کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا،ظفر مرزاسلیکشن کے تحت کونسل کو چلانا چاہتے ہیں
اسلام آباد ( ندیم چوہدری ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت کا ایوان بالا ( سینٹ ) کو بھرپور جواب ،سینٹ سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے ترمیمی بل کو مسترد کئے جانے کے بعد انہی ممبران پر مشتمل 7 رکنی ایڈوائزی کمیٹی بنا ڈالی ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے 11 ستمبر کو ایک نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں سابقہ پی ایم اینڈ ڈی سی کونسل کے ممبران کو ایک بار پھر ایڈوائزی کمیٹی کے نام پر وزارت صحت میں جگہ دے دی گئی ۔ کمیٹی کا سربراہ ڈاکٹر عامر زمان کو بنا دیا گیا ۔ ذرائع وزارت صحت کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی وزیر اعظم کی اجازت کے بغیر یہ کمیٹی بنانے کے مجاز نہیں ہیں ، وزیر اعظم ہی اس وزارت کے وفاقی وزیر کے اختیارات کے حامل ہیں اس لئے ان کی منظوری کے بغیر اس قسم کی کمیٹی کا وجود غیر آئینی قرارد یا جائے گا ۔ واضح رہے کہ وزارت قومی صحت کی جانب سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو کنٹرول کرنے کیلئے صدارتی آرڈننس کے تحت کونسل قائم کی گئی تھی اس صدارتی آرڈننس کو پارلیمنٹ سے منظوری کیلئے ترمیمی بل لایا گیا تھا جسے سینٹ کی اکثریت نے مسترد کر دیا تھا ۔ سینٹ کی جانب سے مسترد کئے گئے بل کے جواب میں معاون خصوصی برائے قومی صحت ظفر مرزا نے جوابی وار کرتے ہوئے انہی ممبران پر مشتمل ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے معاملات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت کی معاونت کریں گے ۔ چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر عامر زمان ، جب کہ ڈاکٹر عامر بلال ممبر ہیں جن پر الزام تھا کہ انہوں نے غیر قانونی طریقہ سے اپنی سی پی ایس پی کی ڈگری پی ایم اینڈ ڈی سی میں رجسٹرڈ کرائی ہے ۔ باقی ممبران میں ڈاکٹر سعید حمید ، میجر جنرل ( ر) سلیم احمد ، لفٹینٹ جنرل ( ر) ڈاکٹر اظہر رشید ، ڈاکٹر شہناز نواز ۔ڈاکٹر انیس الرحمان ، اور سی پی ایس پی کے صدر ڈاکٹر ظفر اللہ چوہدری شامل ہیں جن پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کا امریکن ڈپلومہ غیر قانونی طریقہ سے رجسٹرڈ کرایا ہے ۔ سات ممبران پر مشتمل ایڈوائزی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے لیکن نوٹیفکیشن میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ کمیٹی کرے گی کیا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سینٹ سے ترمیمی بل کو مسترد کئے جانے کے بعد ایکٹ کے تحت وزارت صحت پابند ہے کہ وہ چیف جسٹس کے نمائندے کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تشکیل دے جو کہ پی ایم اینڈ ڈی سی کے الیکشن کرائے ۔ لیکن وزارت قومی صحت کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا اپنی ڈکٹیٹر شپ قائم رکھنا چاہتے ہیں اور الیکشن کی برائے سلیکشن کے تحت ہی پی ایم اینڈ ڈی سی کو چلانا چاہتے ہیں ۔

Title : پی ایم ڈی سی بل مستردہونے پر انہی ممبران کی ایڈوائزی کمیٹی قائم
Author : Corporate author
Type : News
Role Performer : Daily ausaf
Subject : Pakistan Medical and Dental Council
Publisher : Daily Ausaf
Publication Place : Islamabad
Date : 2019-09-15
Language : Urdu