111 510 510 libonline@riphah.edu.pk Contact

مسئلہِ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے انگریزی پاکستانی چینلز ضروری ہیں

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چئیرمین فیصل جاوید نے کہا ہے کہ مسئلہِ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے انگریزی زبان میں پاکستانی چینلز اور ان کی نشریات ضروری ہیں۔

ادارہ برائے امن وسفارت کاری اور رفاء یونیورسٹی کے ادارہِ برائے عوامی پالیسی کے اشتراک سے اسلام آباد میں مسئلہِ کشمیر کو اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا کو انگریزی زبان میں رپورٹس تیار کرنی چاہیئں۔ فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے اشترک سے شروع کیے جانے والے انگریزی چینل پر کام جاری ہے اور یہ پاکستان کا پہلا بین الاقوامی چینل ہوگا۔

اس موقع پر ایف ایم 98 دوستی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں عالمی میڈیا کی رسائی ختم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہمیں اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

سیمینار میں ادارہ برائے امن وسفارت کاری کی صدر ڈاکٹر فرحت آصف، نیشنل پریس کلب کی نائب صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال، رفاء یونیورسٹی کے ادارہِ برائے عوامی پالیسی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد آفتاب سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

Title : مسئلہِ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے انگریزی پاکستانی چینلز ضروری ہیں
Author : The voice of friendship
Type : News
Role Performer : Corporate author
Subject : Kashmir Crisis
Publisher : The voice of friendship
Publication Place : Islamabad
Date : 2019-10-09
Language : Urdu