111 510 510 libonline@riphah.edu.pk Contact

رفاہ یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام نظریۂ پاکستان پر بین الاقوامی سمٹ کا انعقاد

مقصد تحریکِ آزادی کے ہیروز کو خراجِ تحسین ، اور اُن کی قربانیوں کو اجاگر کرنا تھا
اسلام آباد (اوصاف نیوز)رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سٹوڈنٹ سروسز ڈیپاٹمنٹ کے زیرِ اہتمام یومِ پاکستان کے حوالے سے نظریۂ پاکستان پر ایک بین الاقوامی سمٹ (Summit) منعقد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد تحریکِ آزادی کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور حصولِ پاکستان کے لئے اُن کی قربانیوں کو نوجوان طلبہ و طالبات کے سامنے اجاگر کرنا تھا۔ تقریب کا اہتمام ایوانِ قائد، F-9 پارک، اسلام آباد میں کیا گیا تھا۔ سمٹ (Summit) کے مہمان خصوصی نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر نعیم غنی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر جناب حسن محمد خان، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرانیس احمد اور معروف سکالر ڈاکٹر ریاض احمد تھے۔ سمٹ (Summit) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر نعیم غنی نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ پاکستان اُن کی پہچان ہے، لہذا اُنہیں اپنی پہچان پر فخر کرنا چاہیے کیونکہ وہ ملک کے مستقبل کی علامت ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد انسانی ترقی ہونا چاہیے اور تعلیم معاشرے اور اُس کے گردو نواح کے ماحول کے مطابق ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ دنیا ارتقائی مراحل سے گزر رہی ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے ملک کی ترقی پر زورد یں۔ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے چانسلر جناب حسن محمد خان نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے قیام کے مقاصد اور اس کے نام کے مطلب کو سمجھیں۔ اپنے آپ کو اس کی روشنی میں پرکھیں اور اپنے لائحۂ عمل کی تشکیل پاکستانیت کے حوالے سے کریں جو کہ درحقیقت اسلامی نظریہ عین کے مطابق ہے۔ اُنہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو قرآن و حدیث کی ہدایات کے مطابق ڈھالیں۔ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نہ ہی اپنے ماضی کو فراموش کریں اور نہ اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو نظر انداز کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو اصل حقائق سے آگاہ نہیں کیا جاتا۔ قائد اعظم کوئی سیکولر ذہن کے انسان نہیں تھے، وہ حقیقی مسلمان اور سچے محب وطن تھے۔ اُنہوں نے مسلمانان برصغیر کے لئے علیحدہ وطن کے حصول کے لئے اپنا سب کچھ قربان کردیا تاکہ یہاں کے لوگ اپنی زندگیاں اسلامی اصولوں کے مطابق گزاریں اور اسے عملاً نافذ کریں۔ قائد اعظم پاکستان کو ایک ایسی حقیقی اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے جو کہ فلاحی ریاست کے اصولوں پر گامزن ہو۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں طلبہ پر زور دیا کہ وہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی تعلیمات کا مطالعہ کریں تاکہ وہ نظریۂ پاکستان کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔ اس موقع پر دوسری یونیورسٹیوں کے طلبہ نے آرٹس، مضمون نگاری، تقاریر، تحقیقی پوسٹرز اور دستاویزی ویڈیو کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔ سمٹ (Summit) میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور دیگر یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Title : رفاہ یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام نظریۂ پاکستان پر بین الاقوامی سمٹ کا انعقاد
Author : روزنامہ اوصاف
Type : News
Role Performer : Corporate Author
Subject : Riphah International University,
Publisher : روزنامہ اوصاف
Publication Place : Islamabad
Date : 2019-03-21
Language : Urdu