رفاہ یونیورسٹی، نیوٹیک میں ووکیشنل ٹریننگ کے حوالے سے معاہدہ
معاہدہ قومی سطح پر سپیشل انوسٹمنٹ فیلسٹی ٹیشن کونسل فورم کا حصہ ہے
اسلام آباد (اوصاف نیوز) وزیر اعظم پاکستان کے ہنرمند پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کیلئے آئی آئی ایم ٹی کی رفاہ انٹر نیشنل یونیورسٹی اور نیوٹیک کے درمیان ایک معاہدے کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔ آئی آئی ایم سی ٹی / رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی نمائندگی جناب احمد نعمان انیس سی ای اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ، رفاہ ایکسل ٹیک انسٹیٹیوٹ اور گروپ ڈائریکٹر ہیومن ڈویلپمنٹ سروسز اینڈ اسٹریٹجی نے کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل / چیئر پرسن آف پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ نے نیوٹیک کی جانب سے اس معاہدے پر دستخط کئے۔ یہ معاہدہ حالیہ یادداشت میں پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے سب سے بڑا تعاون ہے۔ جسے وزیر اعظم پاکستان کے دفتر کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی گئی ہے اور یہ قومی سطح پر سپیشل انوسٹمنٹ فیلسٹی ٹیشن کونسل فورم کا حصہ ہے۔ یہ اشتراک کار اور تعاون رفاہ یونیورسٹی کے چانسلر حسن محمد خان کے نوجوانوں کو ضروری مہارتوں سے آراستہ پیراستہ کر کے صنعت اور اکیڈمی کے درمیان خلیج کو ختم کرنے کے وژن کا بھی عکاس ہے۔ اس معاہدے کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو مقامی اور عالمی سطح پر ہنرمندی کے حصول کے ذریعے ماہر پیشہ ور بننے کیلئے ضروری آلات کے ساتھ با اختیار بنانا اور تربیت یافتہ اور ہنر مند افرادی قوت کو بیرون ملک برآمد کرنا ہے جس سے قوم کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔