
لاہور(لیڈی رپورٹر) رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور کیمپس کے زیر اہتمام پانچویں انٹرنیشنل کانفرنس برائے ری ہیبلیٹیشن سائنسز اور دوسری انٹرنیشنل کانفرنس برائے الائیڈ ہیلتھ سائنسز گزشتہ روز ہوئی جس کا موضوع کمیونٹی پر مبنی نتائج پر تحقیق اور مروجہ طریقہ کار تھا۔ کانفرنسز سے پہلے 55 ورکشاپس کا انعقاد بھی کیا گیا تھا جن میں 27 ورکشاپس میں بین الاقوامی مقررین کے ذریعے 500 سے زائد شرکا کو تربیت فراہم کی گئی۔ ان میں سے 30 ورکشاپس قومی لیول پر منعقد کی گئی جن میں 750 شرکاء نے حصہ لیا اور 4 پیشہ وارانہ سر ٹیفکیٹ کورسز کیے گئے جن سے 120 شرکا مستفید ہوئے۔ 205 تحقیقی مکالمے ، 96 زبانی لیکچر اور 108 پریزنٹیشنز کانفرنسز میں پیش کی گئیں۔ 40 کلیدی نامور بین الاقوامی مقررین جن کا تعلق 17 سے زائد ممالک سے تھا جن میں امریکہ برطانیہ آسٹریلیا سویٹزرلینڈ آئرلینڈ ملائیشیا اٹلی اردن سعودی عرب متحدہ عرب امارات بحرین جاپان عمان مصر روس نائجیریا شامل ہیں۔ پاکستان کے معروف تعلیمی تحقیقی اور صحت کی دیکھ بھال کرنیوالے اداروں سے 135 قومی کلیدی مقررین نے شرکت کی۔
