اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ نے پاکستان ریلوے جنرل ہسپتال کو 340 جدید بیڈز فراہم کئے ہیں جن میں ٹرالی اور کھانے کی میز بھی شامل ہے۔ ان بیڈز میں آرتھوپیڈک کے لئے خصوصی بستر بھی شامل ہیں۔ الحمد للہ1998ء سے پاکستان ریلوے جنرل ہسپتال کو اسلامکانٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ سے ملحق ہوئے انیس سال مکمل ہو چکے ہیں۔ عوام الناس کی خدمت کے لئے پرائیویٹ پبلک شراکت داری کی یہ ایک منفرد مثال ہے۔ اس عرصے کے دوران اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ نے پاکستان ریلوے ہسپتال کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کرنے کے علاوہ ہسپتال میں مختلف طبی شعبوں کے ماہرین کی ٹیم مہیا کی اور ہسپتال کو انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجوسٹ سطح پر طبی تعلیم کے لئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز کے معیار کے مطابق بنانے کے لئے جدید ترین طبی سامان کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا ہے۔پاکستان ریلوے ہسپتال کی ترقی اور جدید ساز و سامان کی فراہمی اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ کے ساتھ الحاق کے دوران مسلسل جاری رہی ہے تاکہ ہسپتال کو راولپنڈی اسلام آباد کے طبی اداروں میں ممتاز مقام دلایا جاسکے۔ الحمد للہ اب ہسپتال کو شہر کے طبی تعلیم مہیا کرنے والے ہسپتالوں میں ایک ممتاز مقام حاصل ہے۔ پاکستان ریلوے جنرل ہسپتال میں گزشتہ تین سالوں کے دوران او پی ڈی، آئی پی ڈی، سرجری اور تشخیص کے شعبوں میں اٹھارہ لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا ہے اور عوام الناس کو مفت ادویات کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ پاکستان ریلوے جنرل ہسپتال اور اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ معیاری طبی سہولیات کے حصول کے لئے کوشاں ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کو طبی دیکھ بھال کے جدید طریقوں کے ساتھ ہم آہنگ کر کے ریلوے کے ملازمین اور علاقے کی آبادی کو صحت کی بہترین سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ریلوے ہسپتال کا عملہ مریضوں کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کے لئے تن دہی کے ساتھ کوشاں ہے۔ آنے والا ہر سال ہسپتال اپنے نصب العین کی جانب مزید اقدامات کرے گا۔